وزیراعظم کا میجر محمد اکرم شہید کو 53ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر کے 53ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میجر محمد اکرم شہید نے مشرقی پاکستان میں لڑتے ہوئے جرات و بہادری کی لازوال مثال قائم کی، میجر محمد اکرم شہید نے دشمن کی عددی برتری کی پرواہ کئے بغیر اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میجر محمد اکرم شہید نے فرض شناسی اور وطن سے عہد وفاء کی ایسی مثال قائم کی جو نوجوان نسل کیلئے قابل تقلید ہے، مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔

محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے وطن کے عظیم بیٹوں کیلئے پوری قوم کے عقیدت کے جذبات ہیں، پاکستانی قوم اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ کی وطن کے دفاع کیلئے دی گئی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر ے گی۔