لاہور:
پنجاب میں صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پتوکی، ننکانہ، مانانوالہ، جہلم اور واربرٹن میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے سرائے مغل، جہلم، کمالیہ، اور گجرات کے ملحقہ علاقوں میں بھی محسوس ہوئے۔
زلزلے کے بعد لوگوں نے خوفزدہ ہوکر کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا جب کہ کچھ مقامات پر لوگ گھروں اور کاروباری مراکز سے باہر نکل آئے۔ فوری طور پر زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 5.1 ریکارڈ ہوئی، جس کی زیر زمین گہرائی 15 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز کھاریاں کا قریبی علاقہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کو رپورٹ موصول
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کو پنجاب کے تمام اضلاع سے زلزلے کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ موصول ہو گئی ہے، جس کے مطابق لاہور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان کے مطابق زلزلے کا مرکز کھاریاں پنجاب جب کہ گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے۔ پنجاب کے کسی بھی علاقے سے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے پراونشل کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24/7 الرٹ ہیں۔ زلزلے سے نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے۔