چیمپئنز ٹرافی: بھارت کے میچز امارات میں ہونگے، بھارتی ویب سائٹ کے دعوے پر پی سی بی کا ردعمل آگیا

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے کا قوی امکان ہے۔

چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر بھارتی کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر ہو گی، پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کے بجائے چیمپئنز ٹرافی ٹو نیشن فارمولا دیا۔

بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پاکستان نے نیوٹرل وینیو پر بھارت سے 3 ملکی سیریز کھیلنے کی شرط بھی عائد کی، بھارت سہہ فریقی سیریز کرانے کا مطالبہ منظور نہیں کرے گا، بورڈ ممبرز کی اکثریت چیمپئینز ٹرافی ٹو نیشن فارمولا کرانے پر متفق ہو گی۔

ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی اجلاس میں ہائیبرڈ ماڈل کی منظوری کا امکان ہے، بھارت کے تین لیگ میچز ایک سیمی فائنل اور فائنل دوسری جگہ ہوں گے۔

بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ بھارت کے میچز کے لیے دوسری جگہ یو اے ای ہونے کا امکان ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماڈل تسلیم کرنے کے لیے 4 سے 5 شرائط رکھی ہیں لیکن پاکستان کی شرائط منظور کیے جانےکا امکان نہیں ہے۔

ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ براڈ کاسٹرز کو ان شرائط سے اتفاق نہیں، وہ بھی پی سی بی کی شرائط کی مخالفت کریں گے۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق آج کی میٹنگ میں ہائبرڈ ماڈل چیمپئنز ٹرافی کرانے کی منظوری دی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں ہے۔