میرا ایجنڈا عمران خان کی زندگی کو اہلیہ، حواریوں سے بچانا ہے، فیصل واڈا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی زندگی کو ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور حواریوں سے بچانا میرا ایجنڈا ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد جے یوآئی (ف) کے رہنما سینیٹر کامران مرتضی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے مدارس رجسٹریشن بل پر دسختظ میں تاخیر، 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بات ہوئی۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مذاکرات اور سیاست سے ناممکن کو ممکن کیا جاسکتا ہے، وہ نفرت کی سیاست ختم کرنے کے لیے ہر جماعت اور اسٹیک ہولڈر کے پاس جائیں گے، نفرت کی سیاست ختم کرنے میں مولانافضل الرحمان کا بڑا کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے پاس کسی مفاد میں نہیں آیا، پی ٹی آئی نے جو کچھ کیا، اس کے باوجود مولانا فضل الرحمٰن نے مخلصی دکھائی، میں ان کا مداح ہوں۔

پی ٹی آئی کے سابق رہنما نے کہا کہ عمران خان کی زندگی کو ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور حواریوں سے بچانا میرا ایجنڈا ہے، بانی پی ٹی آئی صاحب میرے لیڈر رہ چکے، ان کے طرز سیاست سے مخالفت تھی، ان کو بھی سمجھ آ جانا چاہیے کہ میں ابھی بھی ان کی جان بچانے اور انہیں سیاسی مصیبتوں سے بچانے کے لیے یہ سب کر رہا ہوں۔

اس موقع جے یو آئی (ف) کے رہنما کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ہم تو میزبان ہیں، مہمانوں کی بات سنتےہیں، فیصل واڈا سےبات ہوئی ہے، امیدہےبات آگے بڑھےگی۔