جعلی ڈگری کی بنیاد پر امریکا جانے والی خاتون سمیت 4 ملزمان کو سزا

کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر امریکا جانے والی خاتون سمیت 4 افراد کو قید کی سزا سنا دی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر امریکا جانے والی پریانکا دیوی سمیت 4 ملزمان کیخلاف مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمہ پریانکا دیوی کو مجموعی طور پر 6 سال کی سزا سنادی۔ عدالت نے مجرمہ پر 45 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔ عدالت نے 3 شریک ملزمان مریم، امان اور راشد کو 2، 2 سال قید کی سزا سنادی۔

عدالت نے تینوں ملزمان پر 20، 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے چاروں مجرمان کی ضمانت منسوخ کرکے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آبزرویش دیتے ہوئے کہا کہ جعلی ڈگری اور تعلمی اسناد معاشرے کے لیے خطرہ ہیں۔جعلی ڈگریاں ڈگری ہولڈر اور تعلمی اداروں کے لیے خطرہ ہیں۔

 ایف آئی اے کے مطابق ملزمہ پریانکا دیوی کیخلاف امریکی قونصل خانے  کی شکایت پر انکوائری شروع کی گئی تھی۔ ملزمہ پریانکا دیوی نے پڑھائی کے لیے امریکا جانے کے کراچی یونیورسٹی کی جعلی ڈگری جمع کرائی تھی۔ ایجوکیشنل کنسلٹنٹ مجرمہ مریم عادل نے پریانکا دیوی کو جعلی ڈگری لینے پر اکسایا تھا۔ملزم امان نے پریانکا دیوی کو جعلی ڈگری دلوائی تھی۔