چیمپئنز ٹرافی: بھارتی جواب نہ آیا، آئی سی سی اجلاس پھر ملتوی

چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بھارتی جواب نہ آنے پر آئی سی سی  کا اجلاس پھر ملتوی کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے پاکستان کے مزید مطالبات پر پیشرفت کا جواب دینا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اجلاس میں پاک بھارت دوطرفہ ٹی20 سیریز سے متعلق پی سی بی نے کوئی تجاویز نہیں دیں۔

بھارتی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا پہلا ہدف آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا اور دوسرا ہدف سالانہ اجلاس میں چیمپیئنز ٹرافی کے لیے بجٹ کی منظوری تھا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پی سی بی چیئرمین میٹنگ میں اپنے 2 بنیادی ایجنڈوں کیساتھ آئے تھے اس لیے دوطرفہ سیریز کی پیشکش کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

قبل ازیں، قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی اجلاس میں بھارت کو نیوٹرل مقام پر دوطرفہ ٹی20 سیریز کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔