شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 13 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان میں افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز کے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کے دوران کم از کم 13 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو علی الصبح شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال کے علاقے گزوم منڈی میں کی گئی 2 مختلف کارروائیوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک اہم کمانڈر سمیت 13 عسکریت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ حملے علاقے میں دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں پر کیے گئے، ہلاک ہونے والوں میں ٹی ٹی پی کا ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہے، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ متعدد خودکش حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ حملوں میں دو دیگر کمانڈر گوہر اور ابوبکر عرف محسن زخمی ہوئے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی آپریشن کے بعد دہشت گردوں کے ٹھکانے سے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھ رہے تھے، انہوں نے بتایا کہ بہت سے عسکریت پسند اپنے ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔