صدر مملکت اور وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطین اور جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرائے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے فلسطینی عوام کی نسل کشی اوراس کے ساتھ ساتھ بھارتی مسلح افواج کی طرف سے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضے اور مظالم کی شدید مذمت کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کا آئین اپنے تمام شہریوں کو بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ہم اپنے لوگوں کو بااختیار بنانے کیلئے انسانی حقوق کو آگے بڑھانے میں ثابت قدم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ان کے سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، انسانی حقوق کے تحفظ، خلاف ورزیوں کے تدارک کیلئے قانونی، معاشی اور سماجی فریم ورک کے نفاذ کیلئے پُرعزم ہیں۔
آصف علی زرداری نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جمہوریت، امن، آزادی اور انسانی حقوق ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور عوام کے حقوق کا تحفظ ایک مستحکم اور خوشحال ملک کی تعمیر کیلئے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس دن ہمیں فلسطینی عوام کی حالتِ زار کو نہیں بھولنا چاہیے، فلسطینیوں کو غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دن اقوامِ عالم کو یاد دلاتا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور اقدار کے تحفظ کی پاسداری کریں، دنیا کو اپنے دور کے سنگین ترین انسانی المیوں پر آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں، دنیا کو فلسطین کے عوام کی جاری نسل کشی فوری بند کرانے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کی فوری توجہ کی ضرورت ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔