جنوبی افریقا کے اہم فاسٹ باؤلر اینرک نورکیا ٹی 20 سیریز سے باہر

جنوبی افریقا کے اہم فاسٹ باؤلر اینرک نورکیا انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے۔

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ سے قبل جنوبی افریقی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا اور ٹیم کے اہم باؤلر اینرک نورکیا سیریز سے آؤٹ ہوگئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقی باؤلر کو بائیں پیر کے انگوٹھے میں فریکچر کے باعث آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور سیریز کے باقی میچز میں شرکت نہیں کریں گے۔

نورکیا کے اسکینز میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مزید علاج کے لیے اسپیشلسٹ سے رجوع کریں گے۔

دوسری جانب ڈایان گلیم کو نورکیا کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے اور وہ پاکستان کے خلاف باقی دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی سینچورین میں 13 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔