بلاک بسٹر فلم ’پشپا 2: دی رول‘ کی زبردست کامیابی کے بعد، رشمیکا مندنا اس وقت اپنی نئی فلم ’سکندر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں وہ پہلی بار سلمان خان کے ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران رشمیکا نے سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے اور شوٹنگ کے وقت اپنی بیماری کے دوران سلمان سے ملنے والی مدد کے بارے میں بات کی۔
رشمیکا نے بتایا کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنا ایک خواب کی حقیقت بننے جیسا ہے، اور وہ ایک بہت خاص اور مخلص انسان ہیں جو سب کا بہت خیال رکھتے ہیں۔ شوٹنگ کے دوران جب سلمان خان کو اداکارہ کی بیماری کا پتہ چلا، تو انہوں نے فوراً ان کی خیریت دریافت کی اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ رشمیکا کو صحت بخش کھانا، گرم پانی اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کریں۔
رشمیکا نے مزید کہا کہ وہ سلمان خان کے ساتھ اپنی ’سکندر‘ کے لیے بہت پرجوش ہیں، اور یہ فلم ان کے لیے بےحد خاص ہو گی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ مداحوں کی جانب سے ملنے والے ردعمل کو دیکھنے کیلئے فلم کی ریلیز کا شدت سے انتظار کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ سکندر 2025 میں عید کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔