نیشنل کرکٹ لیگ امریکا نے کرکٹ کے عالمی فروغ اور کمیونٹی کی تعمیر کے عزم کے ساتھ 2025 کے ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان این ایل سی کی گزشتہ سال کی غیر معمولی کامیابی کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں لیگ نے کرکٹ کے مداحوں کو ایک نیا اور دلچسپ تجربہ فراہم کیا تھا۔
این ایل سی کی جانب سے امریکا میں 2024 کے پہلے سال میں کرکٹ کے شائقین اور کھلاڑیوں کےلیے شاندار مواقع فراہم کیے گئے۔ انتظامیہ کے مطابق لیگ کی موبائل ایپ ‘کرکٹ’ کو 1.1 ملین بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ایک سو ملین سے زائد افراد تک رسائی حاصل کی۔
معروف بین الاقوامی براڈکاسٹرز کے ساتھ شراکت داری کے نتیجے میں لیگ کا مواد 120 ممالک میں نشر ہوا، جس سے این ایل سی نے عالمی سطح پر اپنی پہچان بنائی۔
این ایل سی نے یو ایس اے کرکٹ کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے کالیجیٹ کرکٹ لیگ قائم کی جو امریکا کی نمایاں یونیورسٹیوں میں کرکٹ کلبوں کو متحد کرنے اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے وقف ہے۔ یہ اقدام کرکٹ کے لیے ایک مضبوط ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ سسٹم کا حصہ ہے جو آنے والے برسوں میں ٹیم امریکا کی کامیابیوں کو یقینی بنائے گا۔
نیشنل کرکٹ لیگ نے کرکٹ کے کھیل کو امریکا میں مزید مقبول بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، یو ایس اے کرکٹ، اور عالمی سطح کے کھلاڑیوں کی حمایت سے لیگ کرکٹ کے شائقین کو منفرد تجربات فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
این ایل سی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمارا مشن امریکا میں کرکٹ کے شوق کو نئی بلندیوں تک پہنچانا اور یہاں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جو نہ صرف کھیل کو فروغ دے بلکہ مختلف کمیونٹیز کو قریب لانے اور نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے میں بھی معاون ہوگا۔
این ایل سی نے اعلان کیا ہے کہ 2025 کرکٹ ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔ لیگ نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کرکٹ کے مزید یادگار مقابلوں کے لیے پرجوش رہیں۔
انکا کہنا ہے کہ نیشنل کرکٹ لیگ (این ایل سی) امریکا میں کرکٹ کے مستقبل کی تعمیر کی راہ پر گامزن ہے اور اس کے عزم، وژن اور کامیابیوں نے اسے عالمی کرکٹ کا ایک اہم حصہ بنا دیا ہے۔