آئی سی سی نے پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار بیٹنگ کرنے والے جنوبی افریقی بیٹر ہینرک کلاسن پر جرمانہ عائد کر دیا۔
جمعرات کو پاکستان نے کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
جنوبی افریقا کی دعوت پر پاکستان ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 73،کپتان محمد رضوان 80 اور کامران غلام 63 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کے 330 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 248 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ہینرک کلاسن 74 گیندوں پر 97 رنز بناکر آؤٹ ہونے والے جنوبی افریقی اننگز کے آخری بیٹر تھے۔
کلاسن جیسے ہی نسیم شاہ کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے تو انہوں نے غصے میں اسٹمپ کو لات ماری جس کی وجہ سے ان پر اب آئی سی سی کی جانب سے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق کلاسن پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا اور انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔
آئی سی سی کا کہناہے کہ کلاسن کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا، انہوں نے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کی۔