پشاور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے فوجی عدالت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ مجھ پر فیصل آباد اور حسن ابدال میں 5 موٹرسائیکل چوری کے مقدمے ہیں، لیڈر آف دی اپوزیشن کو موٹر سائیکل چور بنا دیا، سوچ رہا ہوں دکان کھول لوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ہمارے قائدین سمیت دیگر اسیران کو رہا کیا جائے، جب تک آئین اور قانون کی بالادستی نہیں ہوگی ملک میں استحکام نہیں آئےگا، باہر کے لوگ یہاں سرمایہ کاری نہیں کررہےہیں کیونکہ یہاں استحکام نہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ سانحہ ڈی چوک پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، 9 مئی واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنی چاہیے، فوجی عدالت کے فیصلے کی مذمت کرتا ہوں، ملٹری کورٹ ملٹری کے کورٹ ہیں، ان کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ شفاف الیکشن ہمارا مطالبہ ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں گے۔