اگر آپ نیند کے دوران خراٹے لیتے ہیں، تو یہ صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔ خراٹوں کی عام وجہ obstructive sleep apnea (او ایس اے) نامی بیماری ہوتی ہے، جس میں نیند کے دوران سانس بار بار رک جاتی ہے، اور اس کے ساتھ متعدد طبی پیچیدگیوں کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔
اب، او ایس اے کے علاج کے لیے ایک نئی دوا کی امریکہ میں منظوری دی گئی ہے۔ زیپ باؤنڈ نامی اس دوا کو یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے منظور کیا ہے۔ کلینیکل ٹرائلز میں یہ ثابت ہوا کہ زیپ باؤنڈ کے استعمال سے او ایس اے کے شکار موٹاپے کے مریضوں میں سانس رکنے کی شرح میں 63 فیصد تک کمی آئی۔
اس دوا کے ٹرائل دو مراحل میں کیے گئے تھے: پہلے مرحلے میں صرف زیپ باؤنڈ استعمال کرنے والوں کا موازنہ پلسِبو استعمال کرنے والے گروپ سے کیا گیا، اور دوسرے مرحلے میں زیپ باؤنڈ کے ساتھ پازیٹیو ایئر ویز پریشر (پی اے پی) ڈیوائس استعمال کرائی گئی، جو او ایس اے کے علاج میں پہلے سے استعمال ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ او ایس اے کے علاج کے لیے پہلی دوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوا کے استعمال سے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے، جو او ایس اے کے مسائل پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ ایف ڈی اے کی منظوری کے بعد ڈاکٹروں اور مریضوں کو موٹاپے اور او ایس اے دونوں مسائل کے علاج میں مدد ملے گی۔
مزید تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ زیپ باؤنڈ کے استعمال سے ہارٹ فیلیئر اور گردوں کی بیماریوں کا پھیلاؤ بھی روکا جا سکتا ہے۔
محققین کے مطابق او ایس اے ایک ایسا مرض ہے جس کی اکثر تشخیص نہیں ہو پاتی، حالانکہ یہ دل کی شریانوں کے امراض اور موٹاپے کے خطرات کو بڑھاتا ہے، اور ان دونوں کا علاج صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔