سرگودھا سے 3 ماہ قبل اغوا 2 طالبات بیرون ملک لڑکیاں فروخت کرنیوالے گروہ سے بازیاب

سرگودھا سے 3 ماہ قبل مبینہ طورپراغوا کی گئیں دو لڑکیوں کو بازیاب کروالیا گیا۔

 ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سیکنڈائیر کی دونوں طالبات کو بیرونی ملک فروخت کرنے والے گروہ سے بازیاب کراکر مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

ڈی پی او اسد اعجاز ملہی کے مطابق 2 اکتوبر کو سرکاری کالج کی سکینڈ ائیر کی 2 طالبات پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھیں، والدین کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایاکہ طالبات کی بازیابی کیلئے بلوچستان میں ایران باڈر، سیالکوٹ، اسلام آباد، روالپنڈی اور گوجرنوالہ میں آپریشن کیا گیا، آج دونوں سہیلیوں کو لڑکیاں بیرون ملک فروخت کرنے والے گروہ سے بازیاب کرالیا گیا ہے جبکہ مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کی جارہی ہے۔

ڈی پی او نے دعویٰ کیا کہ کہ مغوی لڑکیوں کو مختلف شہروں میں لے جا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا، مغوی لڑکیوں کا میڈیکل کروایا جارہا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق گینگ کے دیگرملزمان کی گرفتاری کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔