اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 8 کارروائیاں کر کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں 1 کروڑ 61 لاکھ سے زائد مالیت کی 1478.494 کلو گرام منشیات بھی برآمد کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 498 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔
اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں پشین کے پہاڑی علاقے سرانان سے 1452 کلو گرام چرس جبکہ مغربی بائی پاس کوئٹہ میں خیزی چوک کے قریب گاڑی سے 20 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔
رنگ روڈ پشاور کے قریب ملزم کے بیگ سے سولر پمپس میں چھپائی گئی 4.8 کلو گرام چرس اور لاہور میں کارگو آفس میں اسلام آباد سے کراچی بھیجے جانے والے پارسل سے 61 گرام کوکین برآمد ہوئی ہے۔
لاہور میں کوریئر آفس میں 2 کارروائیوں میں پارسلز سے نشہ آور 620 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئی ہین، لاہور میں پکڑے گئے پارسلز لکی مروت سے بہاولپور اور لاہور بھیجے جانے تھے۔
اسلام آباد میں ٹیپو سلطان روڈ کے قریب 2 موٹرسائیکل سواروں سے 610 گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔
اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔