وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بیرون ملک سوشل میڈیا پروپیگنڈا عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا، چاروں وزرائے اعلیٰ، چیف سیکرٹریز، اور فوجی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بیرون ملک سوشل میڈیا پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے گھیرا تنگ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دہشت گردی اور عوام کی حفاظت کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ اجلاس میں نیکٹا کو فعال کرنے اور دہشت گردی، مذہبی انتہا پسندی اور غلط معلومات کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
شرکا نے دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے اور سکیورٹی فورسز کو مکمل وسائل فراہم کرنے کا عزم کیا۔ اجلاس میں سوشل میڈیا پروپیگنڈا اور فیک نیوز کے خلاف سخت اقدامات کی بھی اہمیت پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے 26 نومبر کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے مظاہرین پر گولی نہ چلانے کی وضاحت کی، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اس واقعے میں شہید ہونے والے کارکنوں کا ذکر کیا۔
ایپکس کمیٹی نے ملک کی سلامتی اور معاشی استحکام کے لیے یکجہتی سے آگے بڑھنے کا عزم کیا۔