وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افغانی شہری کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایجنسی کی ایبٹ آباد ٹیم نے ہری پور میں واقع افغان کیمپ نمبر 13 میں دوران کارروائی انسانی اسمگلر افغان شہری عبدالواسع کو گرفتار کیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار افغانی شہری کے موبائل فون سے انسانیا اسمگلنگ اور یونان کشتی حادثے سے متعلق اہم شواہد بھی ملے۔
بیان میں بتایا گیا کہ گرفتار انسانی اسمگلر کو مزید تفتیش کےلیےایبٹ آباد سرکل منتقل کردیاگیا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کو سراہتے ہوئے انسانی اسمگلرز کی جائیدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کے لیے فوری قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ یونان اور لیبیا میں کشتی حادثوں کے نتیجے میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے متعدد پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے، اس کے بعد وزیر اعظم نے ایف آئی اے کو سخت کارروائی کا حکم دیا تھا، جس کے بعد سے درجنوں انسانی اسمگلرز گرفتار کیے جاچکے ہیں۔
ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران اپنے محکمہ کے افسران اور سرکاری عہدیداروں کے خلاف بھی ایکشن لیا ہے ۔