بشریٰ بی بی کی تین عبوری ضمانتوں کی درخواستیں مسترد: تھانہ رمنا کیس میں ضمانت پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی تین عبوری ضمانتوں کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت پراسیکیوٹر اقبال کاکٹر اور وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت پیش ہوئے۔

اس دوران بشریٰ بی بی کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

جس پر پراسیکیوٹر اقبال کاکڑ نے کہا کہ انہوں نے اپنے ضمانتی مچلکے ہی جمع نہیں کرائے۔

جج نے استفسار کیا کہ آپ نے ابھی تک ضمانتی مچلکے ہی جمع نہیں کرائے؟

جس پر وکیل خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ آج 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ہے، بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل جانا ہے۔

جج نے ریمارکس دئے کہ عدالت کے حکم پر آپ عمل درآمد ہی نہیں کر رہے، آپ کی تین عبوری درخواست ضمانت خارج کی جاتی ہیں۔

تھانہ رمنا کیس میں ضمانت پر فیصلہ محفوظ

دوسری جانب اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں تھانہ رمنا کیس میں بھی بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمے میں عبوری درخواست ضمانت پر ایڈیشنل سیشن جج چوہدری عامر ضیاء نے سماعت کی۔

اس دوران بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل انصر کیانی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف آج 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ آنا ہے، ان کی حاضری جیل میں ہونا ہے۔

وکیل انصر کیانی نے کہا کہ احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے رکھا ہے۔

پراسیکیوٹراقبال کاکڑ نے کہا کہ عبوری ضمانت کی درخواست ہے ملزمہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔

عدالت نے عبوری درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔