خیبرپختونخوا: نگران دور میں بھرتی سرکاری ملازمین فارغ کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے نگران دور میں بھرتی سرکاری ملازمین فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے قانون تیار کر لیا گیا ہے، خیبر پختونخوا ملازمین بل 2025 (سروسز سے ہٹانا) اسمبلی ایجنڈے میں شامل تھا۔
بل کا اطلاق صرف 22 جنوری 2023 سے 29 فروری 2024 کے دوران ہونے والی بھرتیوں پر ہوگا، اس دوران اولاد اور اقلیتی کوٹہ کے ساتھ ساتھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی ہونے والوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
مجوزہ بل کے مطابق نگران دور کے ملازمین کو نکالنے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ 7 رکنی کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کے سپرد کر دی گئی ہے۔ کمیٹی کا فیصلہ حتمی تصور ہوگا۔
ذرائع کے مطابق تمام اداروں کو نگران دور کی بھرتیوں کے حوالے سے 30 دن میں رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس بل کا مقصد حکومت کے وسیع تر مفاد میں نگران دور کی بھرتیوں کو غیرقانونی قراردینا ہے۔