صوبائی دارالحکومت پشاور میں چینی کی قیمت میں اچانک 30 روہے کا بڑا اضافہ ہو گیا ہے، اس کے ساتھ ہی مارکیٹ سے چینی غائب جبکہ ذخیرہ اندوزوں کی چاندی ہو گئی، انہوںنے مزید چینی سٹور کرنا شروع کر دیا ہے.
ذرائع نے بتایا ہےکہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں چینی کی قیمت میں اچانک 30 روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ چینی کی فی کلو قیمت میںمزید اضافے کے پیش نظر ذخیرہ اندوزوں نے اسے سٹاک کرنا شروع کردیا ہے۔ ان کے اس اقدام سے جہاں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں دیگر چھوٹے دکاندار بھی مسائل کا شکار ہیں.
پشاور میں چینی فی کلو 30 روپے مہنگی ہونے سے اس کی فی کلو قیمت 160 روپے ہوگئی ہے۔ نئی قیمت کے بعد چینی کی بوری کی قیمت 6500 روپے سے 7 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب ہول سیل مارکیٹ میں چینی 130 روپے فی کلو سے 150 روپے فی کلو ، جبکہ پرچون میں 160 روپے فی کلو فروخت تک کی قیمت میںبیچی جا رہی ہے۔
چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے حوالے سے مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل چینی کی قیمت میں مافیا نے اضافہ کر دیا ہے، افغانستان سپلائی کے باعث بھی چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، لیکن اس اضافے کے بعد عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے مقامی دیلرز ہیں، جنہوں نے اس اضافہ کے ساتھ ہی چینی کی ذخیرہ اندوزی شروع کر دی ہے.