وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گداگری میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سعودی عرب سے پاکستان پہنچے تھے، ملزمان کو گداگری میں ملوث ہونے پرسعودی عرب سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کا تعلق راجن پور،کشمور، نوشہرو فیروز، لاہور، پشاور، مہمند اور لاڑکانہ سے ہے، گرفتار ملزمان عمرہ ویزے پر سعودی عرب گئے تھے اور وہاں جاکر کئی ماہ سےگداگری کر رہے تھے۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان کو قانونی کارر وائی کےلیے انسداد انسانی اسمگلنگ کراچی منتقل کیا گیا ہے، ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے تمام ائیرپورٹس پر سخت اسکریننگ جبکہ گداگری میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں اور بیرون ملک جانے والےمسافروں کی تمام پہلوؤں سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔