مالی سال 2024-25 کی دوسری سہ ماہی کے لیے بجلی کی قیمت میں 2 روپے فی یونٹ کمی متوقع ہے۔
پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا کو جمع کروا دی ،منظوری کی صورت میں مارچ 2025 سے بجلی کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے جس سے عوام کو 52 ارب 12 کروڑکا ریلیف ملے گا۔
نیپرا 12 فروری 2025 کو درخواستوں پر عوامی سماعت کرے گا۔ کمی مارچ، اپریل اور مئی کے مہینوں میں بجلی کے نرخوں پر اثرانداز ہوگی،کے الیکٹرک صارفین پر بھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ لاگو ہوگی،لائف لائن صارفین کو ریلیف نہیں ملے گا۔
دوسری جانب وزارت توانائی نے کارپوریٹ سیکٹر کے ملازمین کو اربوں روپے کی مفت بجلی دیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
قومی اسمبلی میں وزارت خزانہ کی جانب سے پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق پبلک اور کارپوریٹ سیکٹر کے 2 لاکھ ملازمین کو مفت بجلی فراہم کی گئی۔
دستاویزات میں ملازمین کو 44 کروڑ 15 لاکھ یونٹ سالانہ مفت بجلی دیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، حاضر سروس ملازمین کو سالانہ 30 کروڑ 82 لاکھ یونٹ بجلی مفت دی گئی۔
ریٹائر ملازمین کو 13 کروڑ 32 لاکھ یونٹ بجلی مفت، ڈسکوز کے 1 لاکھ 49 ہزار ملازمین اور این ٹی ڈی سی کے 26 ہزار 368 اورجینکو کے 12 ہزار ملازمین مفت بجلی سے مستفید ہوئے۔
دستاویزات کے مطابق واپڈا کے 12 ہزار 700 اور پی آئی ٹی سی کے 159 ملازمین کو مفت بجلی دی گئی جبکہ ڈسکوز کے 78 ہزار حاضر سروس اور 71 ہزار 800 ریٹائرڈ ملازمین کو مفت بجلی کی سہولت دی گئی۔