سیالکوٹ:
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں عالمی ایونٹ چیمپئنز ٹرافی ہونے والا ہے دوبارہ 9 مئی اور 26 نومبر برپا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پی ٹی آئی احتجاج اور فساد کی سیاست کررہی ہے، جب بھی پاکستان کی عزت کا موقع آتا ہے تو فسادی ٹولہ آسمان سر پر اٹھالیتا ہے، ایس سی او کانفرنس کے دوران بھی پی ٹی آئی والوں نے فساد برپا کرنے کی کوشش کی، آج یوم تعمیر و ترقی منایا جارہا ہے اور پی ٹی آئی آج بھی فساد اور احتجاج کی سیاست کررہی ہے کسی بھی عالمی ایونٹ کی توقیر میں کمی کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے۔
انہوں ںے کہا کہ آج کے پی میں پی ٹی آئی کا جلسہ ہے، صوابی میں سرکاری مشینری اور وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے، سیاسی روایات کے مطابق جلسے کیے جائیں تو کسی کو اعتراض نہیں مگر اسلام آباد پر چڑھائی کرنا پی ٹی آئی قیادت کا وطیرہ ہے، پی ٹی آئی کی اصل قیادت ان کی جماعت میں موجود مخصوص ٹولے کی سازشوں کا شکار ہوکر مصلحت کا شکار ہوگئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کا رویہ پاکستان کے مفادات کے لیے نقصان دہ ثابت ہورہا ہے، جس دن چیمپئنز ٹرافی کا میچ ہے انہوں ںے اس دن احتجاج رکھا، دوبارہ 9 مئی اور 26 نومبر برپا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت آج کے جلسے میں مختلف گروہوں میں اختلافات ہیں، وزیراعلیٰ کے پی کہتے ہیں کہ ان کے 99 فیصد مطالبات پورے ہوچکے ہیں اگر مطالبات پورے ہوچکے ہیں تو احتجاج کس بات کا؟