جب تک دہشتگردی ختم نہیں ہوگی ملک کی ترقی ممکن نہیں: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی ختم نہیں ہوگی، ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس حملے پر پوری قوم افسردہ ہے، ملک اب کسی اور ایسے سانحے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ترقی دوسرے صوبوں کے برابر لائے بغیر پاکستان کی مجموعی ترقی ممکن نہیں۔

وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہونے کے باوجود دوبارہ سر اٹھانے کی وجوہات پر غور کرنا ہوگا۔ انہوں نے ملک دشمن بیانیے کو بڑھاوا دینے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بعض عناصر طالبان جیسے شدت پسندوں کو رہا کرنے میں بھی شامل رہے ہیں۔