ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے تعلیمی ترقی اور عالمی ٹیلنٹ کو اپنے ملک میں راغب کرنے کے لیے 16,456 گولڈن ویزے جاری کر دیے، جو ذہانت اور محنت کی قدر دانی کی ایک بڑی مثال ہے۔
یہ اعزاز ان 10,710 ہونہار طلبہ کو دیا گیا جنہوں نے اپنی تعلیمی کارکردگی سے 95 فیصد سے زائد نمبر حاصل کر کے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ مزید برآں، 5,246 یونیورسٹی گریجویٹس، 337 ماہرین تعلیم، 147 بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ گریجویٹس، اور 16 سائنسدانوں کو بھی اس پروگرام کے تحت شامل کیا گیا ہے۔
امیگریشن حکام کے مطابق، اس اقدام کا مقصد نہ صرف ذہین افراد کو امارات میں مستقل رہائش فراہم کرنا ہے بلکہ تعلیمی ترقی میں ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا بھی ہے۔ گولڈن ویزا پانے والے افراد آئندہ سالوں میں ملک کے تعلیمی اور تحقیقی شعبے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔