چاند پر سورج کا طلوع ہونا کیسا لگتا ہے؟ حیرت انگیز تصویر سامنے آگئی
زمین پر تو سورج طلوع ہونے کا منظر سبھی دیکھتے ہیں، مگر چاند پر یہ نظارہ کیسا ہوتا ہے؟ اس سوال کا جواب امریکی کمپنی فائر فلائی ایرو اسپیس نے ایک حیران کن تصویر کی صورت میں دیا ہے۔
فائر فلائی کا "بلیو گھوسٹ" لینڈر چند روز پہلے چاند پر پہنچا اور اب اس نے وہاں سورج طلوع ہونے کی تصویر لے کر دنیا سے شیئر کی ہے۔
یہ لینڈر ناسا کے 10 پے لوڈز کے ساتھ 14 دن تک چاند کی سطح پر سائنسی تجربات کرے گا۔ ان تجربات میں ڈرلنگ، نیوی گیشن سسٹمز اور دیگر ٹیکنالوجیز کی آزمائش شامل ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ لینڈر 14 مارچ کو ایک چاند گرہن کا بھی مشاہدہ کرے گا اور اس دوران زمین کی طرف سے سورج کو چھپتے ہوئے اپنے کیمروں میں قید کرے گا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے 2024 کے آغاز میں Intuitive Machines کا مشن بھی چاند پر پہنچا تھا لیکن اس کی لینڈنگ کامیاب نہ ہوسکی اور مشن کو نقصان پہنچا تھا۔
فائر فلائی نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلیو گھوسٹ نے چاند کے Mons Latreille علاقے میں لینڈ کیا اور ہم پہلی نجی کمپنی بن گئے جس کا لینڈر کامیابی سے چاند پر اترا ہے۔