اسلام آباد پولیس نے راولپنڈی سے گرفتار پی ٹی آئی کے 59سرگرم کارکنوں کی گرفتاری مانگ لی۔
راولپنڈی میں 29 مقدمات میں گرفتار کارکن اسلام آباد کے 8 تھانوں میں بھی نامزد ہیں، جس کے لیے اسلام آباد کے 8 تھانوں کی پولیس ان کارکنوں کی گرفتاری لینے عدالت پہنچ گئی ۔
پولیس کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی میں حوالگی و گرفتاری کی درخواستیں دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ڈویژن پولیس نے ان 59 کارکنوں کو 29 کیسز میں گرفتار کر رکھا ہے اور نئی درخواستیں دائر کیے جانے کے بعد اب ضمانتوں کی منظوری کے باوجود ان کارکنوں کی رہائی عید کے بعد تک غیر یقینی ہو گئی ہے۔
عدالت نے کارکنوں کی حوالگی کی درخواست پر سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
وکلائے صفائی نے مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کا موقف غیر قانونی ہے۔ دوسری جانب سرکاری پراسیکیوٹر نے ملزمان کارکنوں کی اسلام آباد پولیس حوالگی کی حمایت کی ہے۔