رمضان کا آخری عشرہ: مسجد نبویؐ میں معتکفین کے لیے جدید سہولیات فراہم

مدینہ منورہ: رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجد نبویؐ میں 120 ممالک سے آئے 4 ہزار معتکفین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، معتکفین کو طبی سہولیات، سحری و افطار، عشائیہ، موبائل چارجنگ اسٹیشنز اور سامان رکھنے کے لیے لاکرز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

مردوں کے لیے مسجد کے مغربی حصے میں اعتکاف کی جگہ مختص کی گئی ہے، جہاں مددگار ڈیسک، فرسٹ ایڈ مراکز، دینی رہنمائی کے دروس اور مختلف زبانوں میں ترجمے کی سہولت بھی میسر ہے۔

ہر معتکف کو ایک ذاتی نگہداشت کا کٹ اور خصوصی شناختی بینڈ بھی فراہم کیا گیا ہے، تاکہ وہ اپنی مختص شدہ جگہوں تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔