کراچی : قائد آباد میں پولیس کیمپ پرکریکر حملہ، 3 اہلکار زخمی

کراچی کے علاقے قائد آباد چوک کے قریب پولیس کیمپ پر دستی بم حملے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

ایس ایس پی ملیرنے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم ملزمان نےعید الفطر کے لئے لگائے گئے پولیس کیمپ پرحملہ کیا، قائد آباد پل کے اوپر سےملزمان کریکر پھینک کرفرارہوگئے۔

ایس ایس پی ملیرنے بتایا کہ حملے میں ایک راہگیر بھی زخمی ہوا، واقعہ میں 3 پولیس اہلکار سمیت چار افراد زخمی، دو زخمیوں کو معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں، اہلکاروں کی شناخت وسیم اور فیاض کے ناموں سے ہوئی۔

ایس ایس پی ملیراورسندھ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، سی ٹی ڈی ٹیم بھی پہنچ گئی، واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ جامع تفتیش اور تحقیقات کرکے ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، کرائم سین کو محفوظ کرتے ہوئے جمع شواہد کی بدولت تفتیش کو کامیاب بنایا جائےاورایس ایس پی ملیر سے تفصیلات طلب کرلیں۔

گورنر سندھ اور صوبائی وزیر داخلہ کا کریکر حملے کا نوٹس

ادھر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے کراچی کے علاقے قائد آباد میں پولیس کیمپ پر کریکرحملے کا نوٹس لے لیا ہے۔

واقعے کی فوری تحقیقات مکمل کرنے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔ گورنر کامران ٹیسوری نے ایس ایس پی ملیر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کریکر حملے کی رپورٹ طلب کی۔

زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، کہا کراچی میں امن وامان یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔

صوبائی وزیر داخلہ نے ایس ایس پی ملیر سے تفصیلات طلب کر لیں، کہا ملزمان تک رسائی اور گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔