کراچی میں ایسٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث دو جعلی پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت بلاول خلجی اور وقاص حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق، بلاول خلجی جعلی پولیس افسر جبکہ وقاص جعلی اہلکار بن کر وارداتیں کرتا تھا۔
گرفتار ملزمان کے موبائل فون سے متعدد مغویوں کی ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں، جن میں تمام افراد کو ہتھکڑیاں لگا کر یرغمال بنایا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ویڈیوز مغویوں کے گھروں میں قید کے دوران بنائی گئی تھیں۔
پولیس کے مطابق، گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس میں دو مقدمات درج تھے، جبکہ رحیم یار خان میں دو اور گلشن اقبال میں بھی تین مقدمات درج ہیں۔ ملزمان پولیس یونیفارم صدر کی دکانوں سے خرید کر وارداتیں کرتے تھے، جبکہ دکاندار بغیر تصدیق کے انہیں سامان فروخت کر رہے تھے۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سائٹ کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق، ملزمان ڈیجیٹل سائٹس سے ڈیٹا چوری کرکے کسٹمرز سے رابطہ کرتے اور پولیس یونیفارم میں ان کی دہلیز پر پہنچ کر واردات کرتے تھے۔
ایس ایچ او گلشنِ اقبال نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے 2 غیر قانونی 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فونز اور چھینی ہوئی قیمتی گھڑیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔