اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کے معاشی مستقبل کے حوالے سے اچھی خبر سنا دی۔ رپورٹ کے مطابق 2025 میں پاکستان کی معیشت 2.5 فیصد کی رفتار سے آگے بڑھے گی، جب کہ 2026 میں یہ ترقی 3 فیصد تک پہنچنے کی امید ہے۔
بینک کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے کی گئی اصلاحات، آئی ایم ایف پروگرام پر عمل اور معاشی پالیسیوں میں نرمی کی وجہ سے اب معیشت میں استحکام آ رہا ہے۔ خاص طور پر نجی سرمایہ کاری بڑھنے کے امکانات ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2025 میں مہنگائی کی شرح اوسطاً 6 فیصد رہ سکتی ہے، جو موجودہ صورتحال کے مقابلے میں بہتر ہے۔ بینک نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں قیمتیں مستحکم ہو رہی ہیں اور طلب میں کمی آئی ہے، اس سے مہنگائی پر قابو پانا ممکن ہو گا۔
اے ڈی بی نے خواتین کی کم شمولیت کو ترقی میں رکاوٹ قرار دیا اور کہا کہ اگر خواتین کو بہتر روزگار کے مواقع دیے جائیں تو معیشت اور بھی مضبوط ہو سکتی ہے۔
بینک نے زور دیا کہ جو اصلاحات شروع کی گئی ہیں انہیں جاری رکھنا ضروری ہے تاکہ پاکستان کی معیشت لمبے عرصے تک ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔