اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر کے رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں، جس کے مطابق ٹیکس دہندگان اور کاروباری اداروں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 25 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، پچھلے تین برسوں میں رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی تعداد میں 53 لاکھ کا اضافہ ہوا۔ صوبہ پنجاب اس فہرست میں سب سے آگے ہے جہاں 82 لاکھ کاروباری افراد اور کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔
اس کے بعد سندھ میں 28 لاکھ 76 ہزار، خیبرپختونخوا میں 8 لاکھ 18 ہزار، اسلام آباد میں 4 لاکھ 67 ہزار اور بلوچستان میں 2 لاکھ 21 ہزار کاروباری اکاؤنٹس رجسٹرڈ کیے گئے ہیں۔ اس اضافے کو معیشت میں وسعت اور ٹیکس نیٹ میں بہتری کی ایک مثبت علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔