پاکستان پہلی بار امریکی خام تیل خریدنے کے امکان پر غور کر رہا ہے تاکہ ملک کے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کو کم کیا جا سکے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، یہ تجویز وزیراعظم کو بھیج دی گئی ہے اور پاکستانی وفد کے امریکہ روانہ ہونے سے قبل زیر غور ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق تجویز ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور مختلف پہلوؤں، خصوصاً ٹیرف کے معاملے پر بات چیت جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت پاکستان تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کا خام تیل خریدنے پر غور کر رہا ہے۔
وزارت پیٹرولیم نے اس پیش رفت پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم وزارت توانائی کے ایک سینئر اہلکار نے ایک قومی اخبار کو بتایا کہ پاکستان سنجیدگی سے یہ سوچ رہا ہے کہ امریکہ سے خام تیل اور پیٹرول کی مجموعی درآمدات کا 10 فیصد حصہ حاصل کیا جائے، تاکہ بڑھتے ہوئے 6 ارب ڈالر کے درآمدی بل پر قابو پایا جا سکے۔