اسلام آباد میں فلسطین مارچ پر حکومت اور جماعت اسلامی آمنے سامنے

لاہور میں جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں آج اسلام آباد میں ہونے والے یکجہتی فلسطین مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران لیاقت بلوچ نے واضح طور پر کہا کہ حکومت کو فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے پرامن مارچ کو روکنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ ریلی میں رکاوٹیں ڈال کر ملک کو بین الاقوامی سطح پر بدنام نہ کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے زور دیا کہ فلسطین کی حمایت ایک انسانی اور اصولی موقف ہے، اس پر کسی قسم کی پابندی ناقابل قبول ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مارچ مکمل طور پر پرامن ہوگا، اور حکومت کو چاہیے کہ وہ آج اسلام آباد میں نو گو ایریا نہ بنائے۔

انہوں نے کویت کے حالیہ اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کے فیصلے کو بھی سراہا اور اسے پوری امت مسلمہ کے جذبات کا ترجمان قرار دیا۔