وزیر مذہی امور کی جانب سے پاکستانی عازمین حج کیلیے بڑی خوشخبری

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج 2025 کے لیے پاکستانی عازمین کو خوش خبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال سرکاری اسکیم کے تحت جانے والے تمام حاجی "وی وی آئی پی" سہولیات کے ساتھ حج ادا کریں گے۔

اسلام آباد میں سالانہ حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ سعودی حکومت کی جانب سے مساوی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اور پاکستان کی طرف سے بھی تمام انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور ایک کاروباری ادارہ نہیں بلکہ نظریہ اسلام اور پاکستان کی نمائندہ ہے۔ ماضی میں ناقص انتظامات کی شکایات تھیں، لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں کچھ کوتاہیاں پاکستان کی طرف سے ہوئیں، لیکن اس سال ایسا کوئی خلا باقی نہیں چھوڑا جائے گا۔

سردار یوسف نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وہ خود سعودی عرب جا کر انتظامات کا جائزہ لے چکے ہیں۔ 67 ہزار عازمین کے کوٹے کی بحالی کے لیے ان کی، علامہ طاہر اشرفی اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کوششوں سے پاکستان کو سعودی عرب کی طرف سے مزید 10 ہزار حج کوٹہ مل چکا ہے۔