پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کی طرف سے پاکستان کے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تو بھارتی شہری بھی ردعمل سے محفوظ نہیں رہیں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کے پیچھے بھارتی ہاتھ واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ خواجہ آصف نے خاص طور پر بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور افغانستان میں موجود عناصر کی بھارتی حمایت کا ذکر کیا۔
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع میں کسی بھی بین الاقوامی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے امریکا اور کینیڈا میں دہشت گردی کو ایکسپورٹ کیا ہے، اور کینیڈا اس کے خلاف باقاعدہ احتجاج بھی کر چکا ہے۔ انہوں نے کلبھوشن یادیو کو بھارت کی دہشت گردی کی زندہ مثال قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی نو لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہے، اور وہ پاکستان کے خلاف کم درجے کی جنگ میں مصروف ہے۔ پاکستان نہ صرف ہر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہے بلکہ ہر قیمت پر اپنی خودمختاری کا دفاع کرے گا۔