اسلام آباد میں آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کے تحت پاکستان نے بھارت کو مؤثر اور فیصلہ کن جواب دے کر واضح کر دیا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ افواجِ پاکستان نے اپنے اعلان پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے عملی اقدامات سے دشمن کو پیغام دیا کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے پہلے ہی واضح کیا جا چکا تھا کہ اگر بھارت کسی بھی قسم کی جارحیت کرے گا تو اسے سخت اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ آج یہ آپریشن قوم سے کیے گئے وعدے کی تکمیل ہے۔
قرآنی آیات کے حوالے سے آرمی چیف نے کہا کہ اللہ کی نصرت سے چھوٹی قوتیں بڑی طاقتوں کو شکست دیتی آئی ہیں، اور الحمدللہ پاکستانی قوم اور افواج نے ہر بار دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس مکمل دفاعی صلاحیت موجود ہے اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جایا جا سکتا ہے۔ بھارت کی 13 لاکھ فوج اور ہتھیار ہمیں مرعوب نہیں کر سکتے۔
آرمی چیف نے یاد دلایا کہ یہ ملک بے شمار قربانیوں سے حاصل کیا گیا ہے، اور ہم اس کی حفاظت کرنا بخوبی جانتے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اب بھارت کو ہمارے جواب کا انتظار کرنا ہوگا۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق افواج پاکستان کے عمل اور جذبے نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان ناقابل تسخیر ہے اور کسی دشمن کو اسے نقصان پہنچانے کا خواب نہیں دیکھنا چاہیے۔