سندھ حکومت کا چین کے تعاون سے منی ٹرک اسمبلنگ لائن کراچی میں قائم کرنے کا اعلان

حکومت سندھ نے چین کے تعاون سے منی ٹرک کی اسمبلنگ لائن جلد کراچی میں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چین کے شہر بوزھو میں سپر منی ٹرک کی رونمائی کی تقریب ہوئی جس میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے شرکت کی۔

چین کے شہر بوزھو میں سپر منی ٹرک کی رونمائی کی تقریب ہوئی، جس میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اوردیگر نے شرکت کی۔

تقریب سےخطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا سپر منی ٹرک منصوبہ پاک چین صنعتی اشتراک اور تکنیکی تعاون کی شاندار مثال ہے، جو دونوں ممالک کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منی ٹرک پاکستان میں ہلکی کمرشل گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

صوبائی وزیر سندھ نے کہا کہ سپر منی ٹرک چینی کمپنی چیری ہولڈنگ اور پیڈی ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے اشتراک سے تیارانقلابی ایجاد ہے، یہ گاڑی شہری و دیہی علاقوں میں لاجسٹکس کے مسائل کا حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپر منی ٹرک کی اسمبلنگ لائن جلد ہی کراچی میں قائم کی جائے گی، جو پاکستان میں صنعتی ترقی، مقامی پرزہ سازی، روزگار کے مواقع اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے عمل کو تیز کرے گی۔