پاک فوج کا بڑا آپریشن، بلوچستان میں 3 دہشت گرد مارے گئے

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں میں بلوچ لبریشن فرنٹ (BLF) سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 17 اور 18 مئی کو ضلع آواران اور ضلع کیچ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیے گئے۔

آواران کے علاقے گِشکور میں کیے گئے آپریشن میں دہشت گرد یونس مارا گیا، جبکہ دو دہشت گرد زخمی ہوئے جنہیں گرفتار کر لیا گیا۔

تربت، ضلع کیچ میں کی گئی دوسری کارروائی میں BLF کے سرغنہ صبر اللہ اور دہشت گرد امجد عرف بچھو کو ہلاک کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، مارے گئے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے فورسز کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔

پاکستانی سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ۔ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں