راولپنڈی: خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج اور بلوچ لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 12 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ 2 بہادر سپاہی شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں 17 اور 18 مئی کو لکی مروت، بنوں، شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق:
لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
بنوں میں ایک اور آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد مارے گئے۔
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں دو جوان سپاہی فرہاد علی طوری اور لانس نائیک صابر آفریدی شہید ہوگئے، تاہم جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
بلوچستان میں علیحدہ کارروائی میں بھارتی پراکسی تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ کے 3 دہشتگرد انجام کو پہنچے۔
شہید ہونے والے 29 سالہ سپاہی فرہاد علی طوری کا تعلق ضلع کرم جبکہ 32 سالہ لانس نائیک صابر آفریدی کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز وطن عزیز کو غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ شہداء کی قربانیاں اس جدوجہد کا روشن چراغ ہیں۔
