گوگل نے کروم میں جیمنائی اے آئی متعارف کرا دیا

گوگل نے اپنے مقبول ویب براؤزر کروم میں جیمنائی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (AI) ماڈل کو براہ راست شامل کر دیا ہے۔

سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران کمپنی نے اعلان کیا کہ اس نئی تبدیلی سے صارفین کو AI براؤزنگ اسسٹنٹ تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی، جو ویب پیجز اور ٹاسکس کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد دے گا۔

کروم میں جیمنائی آئیکون کو اوپری دائیں کونے میں شامل کیا جائے گا، جس پر کلک کر کے صارفین AI اسسٹنٹ سے چیٹ کر سکیں گے۔

ابتدائی طور پر یہ فیچر صارفین کو پیچیدہ تفصیلات کی وضاحت اور ویب پیجز کی سمری تیار کرنے میں مدد دے گا۔ مثال کے طور پر، اگر کوئی ویب پیج کھانے کی ترکیب سے متعلق ہے، تو صارف جیمنائی سے متبادل ترکیب دریافت کر سکے گا۔

یہ نیا فیچر سب سے پہلے امریکا میں گوگل AI پرو اور گوگل AI الٹرا کے سبسکرائبرز کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

گوگل کی اس اپڈیٹ کا مقصد صارفین کو چیٹ جی پی ٹی کے بجائے براہ راست کروم میں AI چیٹ بوٹ فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ براؤزر میں ہی AI کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

مستقبل میں جیمنائی اسسٹنٹ کروم میں متعدد ٹیبز پر بیک وقت کام کر سکے گا اور ویب سائٹس پر نیوی گیشن بھی ممکن ہوگی۔