کرپٹو کی دنیا میں زلزلہ: بٹ کوائن نے نئی بلندی چھو لی

نیویارک: ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے 1,11,800 امریکی ڈالر کی بلند ترین سطح حاصل کرلی، جس کے بعد دنیا بھر میں کرپٹو کرنسی سے منسلک کمپنیوں کے شیئرز میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت جمعرات 22 مئی کو امریکی وقت کے مطابق آدھی رات کے قریب اپنی بلند ترین سطح پر پہنچی، جبکہ بدھ کے روز اس نے پہلی مرتبہ 1,10,000 ڈالر کا ہندسہ عبور کیا تھا۔

بٹ کوائن کی اس تیزی کا اثر دیگر کرپٹو کمپنیوں کے اسٹاکس پر بھی پڑا۔ کرپٹو مائننگ کمپنی مارا ہولڈنگز (MARA) کے حصص میں 4.4 فیصد اضافہ، رائٹ پلیٹ فارمز (RIOT) میں 3.3 فیصد، کوائن بیس گلوبل (COIN) میں 2 فیصد اور مائیکرو اسٹریٹیجی (MSTR) میں 1.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس ہفتے امریکی سینیٹ نے اسٹیبل کوائنز کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کی منظوری دی، جبکہ جے پی مورگن کے سی ای او جیمی ڈائمن نے بینک صارفین کو بٹ کوائن خریدنے کی اجازت دینے کا عندیہ دیا، جس نے کرپٹو مارکیٹ میں نئی جان ڈال دی۔