خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویوو کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ڈی آئی خان میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد رہا جس سے گرمی کی شدت مزید بڑھ گئی۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت پشاور میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں بھی موسم خشک اور شدید گرم ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں درجہ حرارت 40، قلات میں 35، زیارت میں 30، ژوب میں 38، سبی میں 50، تربت میں 44، نوکنڈی میں 46، چمن میں 41، گوادر میں 35 اور جیوانی میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نہ نکلنے اور ہیٹ ویوو سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔