پکنک کا سفر خوفناک خواب بن گیا، تیز رفتار کوسٹر الٹنے سے 7 افراد زخمی

شہر قائد سے دھابیجی کی جانب جانے والی ایک کوسٹر گھگھر پھاٹک کے قریب تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔

حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جب کوسٹر ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وہ الٹ گئی۔ متاثرہ افراد تفریحی سفر پر کینجھر جھیل جا رہے تھے کہ یہ افسوسناک واقعہ پیش آ گیا۔

زخمیوں میں 18 سالہ باقر ولد عبدالغنی، 50 سالہ ممتاز زوجہ الطاف حسین، 30 سالہ انیلا دختر الطاف حسین، 19 سالہ عروبہ دختر محمد علی، 35 سالہ اشفاق ولد الطاف حسین، 27 سالہ بلال حسن ولد محمد حسن اور 45 سالہ فرینہ شامل ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔