آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری، حارث اور حسن نواز کی بڑی چھلانگ

آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے مایوس کن خبر یہ ہے کہ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا نام ٹاپ ٹین میں شامل نہیں۔

اس فہرست میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ پہلے نمبر پر ہیں جنہوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے بین الاقوامی سطح پر سب کی توجہ حاصل کی۔ بھارت کے ابھرتے ہوئے اسٹار ابھیشیک شرما دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ انگلینڈ کے فل سالٹ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم تین درجے تنزلی کے بعد 12 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ محمد رضوان ایک درجہ نیچے آ کر 13 ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کی حالیہ فارم نے ان کے عالمی درجہ بندی پر منفی اثر ڈالا ہے۔

تاہم نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کم بیک کیا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے 210 درجے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 30 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے، جو اُن کی محنت اور قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اسی طرح حسن نواز نے بھی 57 درجے ترقی کے ساتھ 46 ویں نمبر پر جگہ بنالی ہے۔

صائم ایوب نے چار درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے 61 ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 42 درجے بہتری کے بعد 76 ویں نمبر پر پہنچے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگرچہ بابر اور رضوان جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی رینکنگ میں تنزلی تشویشناک ہے، تاہم نوجوان کھلاڑیوں کی تیزی سے ترقی ایک مثبت اشارہ ہے جو پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی نوید دیتا ہے۔