وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے معیاری ضابطہ کار (ایس او پیز) کے تحت صوبے میں سیاحت کا شعبہ کھولنے کا اعلان کردیا۔ پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بتایا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کی جا رہی ہے تاہم عوام کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں بازار اور دکانیں صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی جب کہ ہفتہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مناسب ایس او پیز کے تحت سیاحت کا شعبہ کھول رہے ہیں، اس سلسلے میں عوام اور تاجروں کا تعاون بہت اہم ہے، حکومتی ہدایات پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا، خلاف ورزی کرنے والے سیکٹر کو بند کردیں گے۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 482 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔