واشنگٹن/دوبئی۔امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ نے چین کی فضائی کمپنیوں کی امریکہ کے لیے مسافر پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے اور کہا ہے کہ اس نے یہ حکم بیجنگ کے اقدام کے ردعمل میں جاری کیا ہے جس کے تحت امریکی فضائی کمپنیوں کی چینی مارکیٹ میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی تھی. امریکہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی پروازوں پر پابندی کا حکم 16 جون سے موثر العمل ہوگا لیکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگر اس سے پہلے اس پر عمل درآمد چاہتے ہیں تو وہ ایسا کرسکتے ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ کے اس اقدام سے امریکہ اور چین کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگاان میں پہلے ہی دوطرفہ تجارت،کورونا وائرس کی وبا اور ہانگ کانگ کے معاملے پر تنازعہ چل رہا ہے۔ چین نے مئی میں امریکہ کی دو فضائی کمپنیوں ڈیلٹا ائیر لائنز اور یونائیٹڈ ائیر ہولڈنگز کی پروازوں کی بحالی سے متعلق درخواست پر کوئی جواب نہیں دیا تھا محکمہ ٹرانسپورٹ نے چین پر غیر منصفانہ طور پر پروازوں کی بحالی کی کوشش میں رخنہ ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔