عوامی سہولیات کے پیش نظر نجی ایمبولینسزکے رعایتی نرخ مقرر

پشاور۔ٹریفک پولیس پشاور نے عوامی سہولیات کے پیش نظر نجی ایمبولینسز کا مریضوں کو لانے و لے جانے کیلئے رعایتی نرخ مقرر کردیئے جبکہ ایمبولینسز میں فرسٹ ایڈ کٹ ٗ آکسیجن ٗ اور ائر کنڈیشنڈ کو لازمی قراردیدیاگیا ہے اس سلسلے میں ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر افتخار علی نے پرائیویٹ ایمبولینس مالکان کے ساتھ ملاقات کی جس میں ان کو پابند کیا گیا کہ دیگر رجسٹرڈ شدہ اداروں جیسا کہ ایدھی ٗچھیپا اور الخدمت ہے کا مقرر کردہ کرایہ شیڈول کے مطابق اندرون شہر اور بین الاضلاعی مریض یا میت لیجانے کی صورت میں مقرر شدہ ریٹ کے مطابق کرایہ وصول کرنے اور ساتھ ساتھ تمام مالکان ایسے مقامات جہاں پر ان کو پارکنگ کی سہولت دی گئی ہے پر ان مقرر شدہ نرخ کو بینرز کی صورت میں آویزاں کرنے کے پابند ہو نگے 

انہوں نے تمام مالکان کو ہدایت کی کہ وہ تمام ڈرائیورزکو اس کا پابند بنائیں کہ وہ مقرر شدہ ریٹ کے مطابق پک اینڈ ڈراپ کی سہولت تمام ضرورت مندوں کو فراہم کریں جبکہ خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں اور گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائیگی انہوں نے تمام مالکان کو سختی کے ساتھ ہدایت کی کہ ڈرائیوروں کو پابند کریں کہ روڈ پر ہونے کی صورت میں اگر اس کے ساتھ پر موقع مریض یا میت موجود نہ ہو تو صرف اپنی سہولت کیلئے بے جا سائرن کا استعمال نہ کریں۔