متحدہ عرب امارات میں 23 جون سے غیر ملکی سفر شروع ہونے کا امکان ہے، سفر کرنے والوں کو سخت احتیاطی تدابیر کی پابندی کرنی ہوگی۔
اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے 23 جون سے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو بیرون ملک سفر کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی اتھارٹی برائے شناخت اور شہریت کا کہنا ہے کہ منتخب سٹیشنوں کے لیے سفر کی شرائط کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
اتھارٹی کے مطابق اماراتی شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو ان شرائط اور طریقہ کار کے مطابق مخصوص سٹیشنوں پر جانے کی اجازت ہوگی۔
وزارت خارجہ، وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت اور نیشنل اتھارٹی برائے ایمرجنسی اور کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اعلان کردہ شرائط اور طریقہ کار کے مطابق مخصوص مقامات کے سفر کی اجازت دی جائے گی جن کی پابندی کرنا لازم ہوگا۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ شرائط اور ضوابط وزارت صحت کی طرف سے کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کےمطابق جاری کیے جائیں گے۔ حکومت حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے مناسب سٹیشنوں کا اعلان کرے گی جہاں کا سفر محفوظ سمجھا جا سکتا ہے۔